نیدرلینڈز نے اعلان کیا ہے کہ وہ ۲۰۲۷ء کے یوروویژن سانگ مقابلے میں حصہ نہیں لے گا۔ ڈچ عوامی نشریاتی ادارے AVROTROS نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے مقابلے کی غیر جانبداری پر اثرات کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
ادارے نے پیر کے روز کہا کہ جب تک کوئی شریک ملک بڑے پیمانے پر جاری فوجی تنازع میں ملوث ہے، اس وقت تک مقابلے کو غیر جانب دار قرار نہیں دیا جا سکتا۔ AVROTROS کے مطابق، اس نے گزشتہ ایک سال کے دوران یورپی براڈکاسٹنگ یونین (EBU) سے مطالبہ کیا تھا کہ فوجی تنازعات میں ملوث ممالک کی شرکت سے متعلق شفاف قواعد وضع کیے جائیں، تاہم حال ہی میں اعلان کی گئی تبدیلیاں اعتماد بحال کرنے کیلئے کافی نہیں ہیں۔
ادارے نے کہا کہ اس کا فیصلہ اس کی اقدار — قابلِ اعتماد ہونا، آزادی اور انسانیت — کے عین مطابق ہے، اور غزہ میں انسانی المیے اور صحافتی آزادیوں پر عائد پابندیوں کو بھی اس تقسیم میں کردار ادا کرنے والے عوامل میں شامل کیا۔ واضح رہے کہ پانچ ممالک پہلے ہی ۲۰۲۶ء کے مقابلے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کر چکے ہیں، سابق فاتحین اپنی ٹرافیاں واپس کر چکے ہیں، جبکہ ایک ہزار سے زائد موسیقاروں اور ثقافتی شخصیات نے ایک کھلے خط پر دستخط کرتے ہوئے EBU سے مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔
AVROTROS کے ڈائریکٹر جنرل ٹاکو زیمرمین نے کہا: ’’یوروویژن سانگ مقابلہ اصل میں لوگوں اور ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے کیلئے بنایا گیا تھا۔ یہ ناقابلِ تردید ہے کہ بین الاقوامی تنازعات مقابلے کو تیزی سے متاثر کر رہے ہیں، جس سے اس کی غیر جانب داری کمزور ہو رہی ہے اور یہ اب تقسیم کا پلیٹ فارم بن چکا ہے۔‘‘
غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے باعث اتوار تک ایک ہزار ۲۸۶ فلسطینی جاں بحق اور ۴ ہزار ۲۵۷ زخمی ہو چکے تھے، جبکہ اکتوبر ۲۰۲۳ء سے اب تک مجموعی طور پر ۷۳ ہزار ۴۲۰ افراد جاں بحق اور ایک لاکھ ۷۴ ہزار ۳۶۹ زخمی ہو چکے ہیں۔
یوروویژن ۲۰۲۷ء بلغاریہ کے ساحلی شہر برگاس میں ۱۱ سے ۱۵ مئی تک منعقد ہوگا، جو پہلی بار اس مقابلے کی میزبانی کرے گا۔

