لندن، (ایجنسی): انگلینڈ میں ایک خاتون نے اسپتال پہنچنے سے قبل کے ایف سی ریسٹورنٹ کی پارکنگ میں بیٹے کو جنم دے دیا۔ والدین نے کے ایف سی کے بانی کرنل ہارلینڈ سینڈرز سے متاثر ہو کر نومولود کا عرفی نام "کرنل کوڈی” رکھ دیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی ایس ڈبلیو این ایس کے مطابق کیٹی مرفی کے ہاں ۲۹؍ اگست کو وورسٹرشائر کے قصبے برومسگروو میں واقع کے ایف سی کی پارکنگ میں بیٹے کی پیدائش ہوئی۔ کیٹی اور ان کے ساتھی اسٹیفن کربی صبح کے وقت زچگی کی تکلیف پر اسپتال گئے تھے، مگر ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد شام ۴؍ بجے انہیں یہ کہہ کر گھر بھیج دیا کہ ابھی وقت ہے۔ رات ۹؍ بجے درد بڑھنے پر دونوں دوبارہ اسپتال روانہ ہوئے، جو گھر سے تقریباً ۳۰؍ منٹ کی مسافت پر تھا، لیکن راستے میں کیٹی کو محسوس ہوا کہ بچے کی پیدائش ہونے والی ہے۔
اسٹیفن نے ایمرجنسی سروسز کو کال کی اور گاڑی اپنے معمول کے کے ایف سی ریسٹورنٹ کی پارکنگ میں روک دی۔ بچہ ایمبولینس کا انتظار نہ کر سکا اور رات ۹ بج کر ۳۵؍ منٹ پر گاڑی ہی میں پیدا ہو گیا۔ اسٹیفن کو نومولود کو سنبھالنے کیلئے اگلی نشست پر جانا پڑا۔ تقریباً پانچ منٹ بعد ایمبولینس پہنچ گئی اور ماں بچے کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
کیٹی نے کہا، "سب کچھ بہت تیزی سے ہوا۔” ان کے مطابق کوڈی صحت مند اور خوش ہے۔ والدین کا منصوبہ ہے کہ بیٹے کی پہلی سالگرہ کے ایف سی میں منائی جائے اور مستقبل میں اسے وہاں ہفتہ وار ملازمت بھی دلوائی جائے۔
کے ایف سی کے ترجمان نے ردعمل میں کہا، "ہمیں اعزاز ہے کہ کوڈی کی پیدائش کی جگہ ہمارا ریسٹورنٹ بنا۔ ہم پورے خاندان کو ڈھیروں محبت بھیج رہے ہیں، اور جشن منانے کیلئے کے ایف سی کی کچھ اشیا اور واؤچرز بھی دے رہے ہیں۔”

