واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ اور بڑے میڈیا اداروں کے درمیان جاری تنازع کے دوران وائٹ ہاؤس نے یوٹیوب پر ’TRUMP TV: The Essentials Station‘ کے نام سے 24 گھنٹے چلنے والا ڈیجیٹل چینل لانچ کردیا ہے۔
اس پلیٹ فارم پر ٹرمپ کی تقاریر، انتظامیہ کے اعلانات، اہم ویڈیوز اور دیگر سرکاری مواد نشر کیا جائے گا۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق چینل کو ریئل ٹائم میں اپ ڈیٹ کیا جائے گا اور اس پر انتظامیہ کے اہم لمحات، صدر کے بیانات اور نمایاں ویڈیوز ایک جگہ دستیاب ہوں گی۔ یہ نشریات یوٹیوب اور وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ کے ذریعے دیکھی جاسکتی ہیں۔
’ٹرمپ ٹی وی‘ کا آغاز ایسے وقت میں ہوا ہے جب ٹرمپ انتظامیہ نے CNN، MS NOW اور Politico کے صحافیوں کو وائٹ ہاؤس میں داخلے سے روک دیا ہے۔
تینوں اداروں نے اس فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کا رسائی روکنا امریکی آئین میں آزادیٔ صحافت سے متعلق تحفظات کی خلاف ورزی ہے۔
وائٹ ہاؤس کا مؤقف ہے کہ میڈیا کو وائٹ ہاؤس کے پریس پول یا مخصوص مقامات تک مستقل رسائی کا قانونی حق حاصل نہیں۔
اس تنازع کے بعد امریکا کے بڑے ٹی وی نیٹ ورکس نے بھی وائٹ ہاؤس کے مشترکہ ٹی وی پریس پول میں اپنی شرکت معطل کردی۔ اس پول کے ذریعے مختلف نشریاتی ادارے صدر کی تقریبات کی ویڈیو بنا کر دوسرے میڈیا اداروں کو فراہم کرتے ہیں۔
نئے چینل کی پہلی نشریات میں ٹرمپ کی سابقہ تقاریر اور انتظامیہ سے متعلق پرانی ویڈیوز بھی شامل تھیں۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ نئے پلیٹ فارم کے ذریعے صدر اور انتظامیہ سے متعلق اہم مواد براہِ راست عوام تک پہنچایا جائے گا۔

