اسلام آباد (نمائندہ خصوصی وائس آف جرمنی ) پاکستان نے امریکہ سے ہونے والے معدنیات کے معاہدے کے بعد نایاب قدرتی معدنیات کی پہلی کھیپ امریکہ بھیج دی ہے۔
امریکی شہر شکاگو میں قائم ایک پبلک ریلیشنز فرم کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق، یہ پیش رفت پاکستان اور امریکہ کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے 50 کروڑ ڈالر مالیت کے معدنیاتی معاہدے کے تحت عمل میں آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، اس معاہدے کا مقصد نایاب معدنیات کی کان کنی، پراسیسنگ اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کے ذریعے دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ ابتدائی کھیپ میں وہ معدنیات شامل ہیں جو جدید الیکٹرونکس، توانائی اور دفاعی صنعتوں میں استعمال ہوتی ہیں۔
سرکاری حکام کے مطابق، پاکستان کے مختلف علاقوں سے حاصل کردہ معدنیات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کر کے امریکہ بھجوایا گیا ہے۔ توقع ہے کہ اس معاہدے سے پاکستان کے معدنیاتی شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور مقامی معیشت کو نئی توانائی ملے گی۔