اسلام آباد میں الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس سروس متعارف کرانے کا فیصلہ
الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسیں اہم تفریحی، تاریخی اور سیاحتی مقامات کو آپس میں منسلک کریں گی۔
اسلام آباد: سی ڈی اے نے شہریوں اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو جدید، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس سروس متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسیں دارالحکومت کے 15 سے زائد اہم تفریحی، تاریخی اور سیاحتی مقامات کو مخصوص روٹس کے ذریعے آپس میں منسلک کریں گی۔
سی ڈی اے کے مطابق نئی بس سروس کے روٹس میں لیک ویو پارک، شکرپڑیاں، پاکستان مونومنٹ، فیصل مسجد، دامنِ کوہ اور ڈی چوک سمیت دیگر اہم مقامات شامل ہوں گے۔
الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس سروس شروع ہونے سے شہریوں اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے اسلام آباد کے مختلف خوبصورت اور تاریخی مقامات کی سیر مزید آسان ہوجائے گی۔
بس سروس کے ذریعے خاندانوں، طلبہ اور سیاحوں کو ایک ہی سفری سہولت کے تحت دارالحکومت کے قدرتی حسن، تاریخی ورثے اور تفریحی مقامات کا دورہ کرنے کا موقع ملے گا۔
سی ڈی اے کے مطابق الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس میں بیک وقت 90 مسافروں کے سفر کی گنجائش ہوگی جب کہ بس میں 67 نشستیں دستیاب ہوں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ماحول دوست الیکٹرک بس سروس جدید سفری سہولیات کی فراہمی کے ساتھ اسلام آباد میں سیاحت کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوگی۔
چیئرمین سی ڈی اے کے مطابق شہریوں اور سیاحوں کو جدید، آرام دہ اور پائیدار سفری سہولیات فراہم کرنا ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈبل ڈیکر بس سروس کے ذریعے اسلام آباد کے قدرتی حسن، تاریخی ورثے اور تفریحی مقامات کو ایک منفرد انداز میں دیکھنے کا موقع ملے گا۔
سی ڈی اے کا مزید کہنا ہے کہ الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس سروس کا اقدام اسلام آباد کو مزید سیاح دوست اور پرکشش دارالحکومت بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

