قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان میں بجلی، بلوچستان میں پانی اور سڑکوں کے علاوہ نیشنل فرانزک ایجنسی کے لیے جدید اور مخصوصی لیبارٹری کی تعمیر کے منصوبے اور اسلام آباد میں کنگ سلمان اسپتال کے قیام کی منظوری دے دی۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) کا اجلاس ہوا جہاں توانائی، سڑکوں، پانی، صحت، شہری ترقی اور فرانزک سائنس کے شعبوں میں 11 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔
ایکنک کے اجلاس میں خیبرپختونخوا میں لوئر دیر کے مقام پر 40.8 میگاواٹ کوٹو ہائیڈرو پاور منصوبے، بلوچستان میں لسبیلہ نہر کی بحالی، ری ماڈلنگ اور میرانی ڈیم سے گوادر کو پانی کی فراہمی کے منصوبے، بلوچستان میں بویلہ تا پروم اور پروم تا چیدگئی سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کی منظوری دی گئی۔
ترجمان کے مطابق اجلاس میں گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ کے ڈسٹری بیوٹڈ سولر فوٹو وولٹک پلانٹس کی تنصیب، نیشنل گرڈ کمپنی کے نیٹ ورک میں ری ایکٹو پاور کمپنسیشن ڈیوائسز نصب کرنے کے منصوبے کی منظوری دی گئی ہے۔
ایکنک نے پنجاب اربن لینڈ سسٹمز انہانسمنٹ پراجیکٹ (پلس)، درگئی، شہبازوئی تا تونسہ شریف سڑک کی تعمیر اور اپ گریڈیشن کے منصوبے کی بھی منظوری دی ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیرصدارت اجلاس میں اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں کنگ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اسپتال کے قیام کی منظوری بھی دی گئی ہے، اس کے علاوہ نیشنل فرانزک ایجنسی کے لیے جدید اور مخصوص لیبارٹری کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور لاگت میں اضافے سے بچنے کی ضرورت پر زور دیا اور متعلقہ حکام کو مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے اور منصوبوں میں طریقہ کار کی رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد عوامی فلاح و بہبود ہونا چاہیے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی، پنجاب کی سینئر وزیر، بلوچستان کے وزیر منصوبہ بندی و ترقیات، معاون خصوصی طارق باجوہ، متعلقہ وفاقی سیکریٹریز، چیئرمین سی ڈی اے اور صوبائی و وفاقی حکام نے شرکت کی۔
Source link

