بزدلی ان کی پہچان؛ جتنی پولیس بلانی ہے بلا لیجیے، ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں: راہل گاندھی

Rahul Gandhi Gyanesh Protest PTI


تصویر: پی ٹی آئی

نئی دہلی میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور ایس آئی آر کے خلاف احتجاج کے بیچ سرکار کو نشانہ بناتے ہوئے کانگریس کے رکن پارلیامنٹ راہل گاندھی نے کہا کہ ان لوگوں کی سب سے بڑی پہچان ہے- بزدلی۔ نریندر مودی، امت شاہ، موہن بھاگوت، گیانیش کمار اور اجیت ڈوبھال – اس کہانی کے ولن – اب دھیرے  دھیرے گھرتے جا رہے ہیں … اور ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔

نئی دہلی:چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور ملک کی کئی ریاستوں میں ایس آئی آرکے خلاف بلایا گیا احتجاج، دہلی پولیس کے کڑے بندوبست کے بیچ کئی جگہوں پر جاری ہے۔

جہاں کاکروچ جنتا پارٹی  (سی جے پی)کے ابھیجیت دیپکے، سوربھ داس اور آشوتوش رانکا کے ساتھ پارٹی کی لیگل افیئرز کی چیف رتنا سنگھ کو سنیچر کی صبح ہی حراست میں لے لیا گیا، وہیں دن بھر شہر کے الگ الگ  حصوں سے بائیں بازو کی جماعتوں کے رہنماؤں، طلبہ کارکنوں اور وکیلوں کو حراست میں لیے جانے کی خبریں موصول ہوتی  رہیں۔

شام ہوتے ہوتے کئی جگہوں سے نوجوان مظاہرین نے دعویٰ کیا کہ ان کے ساتھ مارپیٹ اور بدسلوکی کی گئی ہے۔

اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے پولیس کی اس کارروائی کی سخت تنقید کی ہے۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے رکن پارلیامنٹ راہل گاندھی نے مظاہرین کی حمایت کرتے ہوئے ایک بیان جاری کیا اور کہا کہ وہ نوجوانوں کے ساتھ ہیں۔

تقریباً دو منٹ کے بیان میں مودی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے راہل گاندھی کہتے ہیں،’میں نریندر مودی، آر ایس ایس اور ان سے وابستہ لوگوں کے خلاف ایک دہائی سے بھی زیادہ سے لڑ رہا ہوں۔ میں اپنے مخالفین کو اتنی اچھی طرح سمجھتا ہوں، جتنا کوئی بھی اپنے حریف کو سمجھتا ہے۔ میں انہیں اندر تک جانتا ہوں، ان کی ہر چال سے واقف ہوں۔ ان لوگوں کی سب سے بڑی پہچان ہے- بزدلی ۔نریندر مودی، امت شاہ، موہن بھاگوت، گیانیش کمار، اجیت ڈوبھال-اس کہانی کے ولن-اب دھیرے دھیرے گھرتے جا رہے ہیں۔ ان کے چاروں طرف دائرہ سمٹ رہا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا،’جو کرنا ہے، کر لیجیے۔ جتنی پولیس بلانی ہے، بلا لیجیے-10 ہزار، 20 ہزار، 50 ہزار، جتنی چاہیں بلا لیجیے۔ سارے رہنماؤں کو گرفتار کر لیجیے۔ تمام نوجوانوں کو گرفتار کر لیجیے۔ ہم سب کو گرفتار کر لیجیے۔گھبرائیے مت-ہم آپ کو چاروں طرف سے گھیر رہے ہیں اور ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا،’میری بات یاد رکھیے- ہمیں جو جانکاری چاہیے، وہ ہمارے پاس پہلے سے ہے۔ ہم اپنے آئین کی حفاظت کریں گے۔ ہم ہندوستان کے عوام کی آواز کی حفاظت کریں گے۔ اور ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ گزشتہ 10 سے 15 برسوں کے دوران ہندوستان کے ساتھ جو کچھ ہوا ہے، وہ دوبارہ کبھی، کسی بھی صورت میں نہ ہو۔‘

اپنی بات ختم کرتے ہوئے انہوں نے کہا،’ہندوستان کے نوجوانوں، مجھے آپ پر فخر ہے۔ اپنا احتجاج جاری رکھیے۔ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اس حکومت اور ہمارے آئین پر حملہ کرنے والوں کو شکست ہو۔‘

قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے دن میں ایک موقع پر دہلی پولیس نے چار ریاستوں کے سابق وزرائے اعلیٰ-ممتا بنرجی، اروند کیجریوال، مانک سرکار اور پنارائی وجین-کو حراست میں لے لیا تھا۔

اس کے ساتھ ہی آزاد میڈیاآؤٹ لیٹ، مثلاً’اسکرول اورنیوز لانڈری کے صحافیوں کو بھی حراست میں لیا گیا۔ وہیں پولیس نےدی وائرکے صحافیوں-جہانوی سین، انترا برووآ اور انکت راج-کو بھی حراست میں لینے کی کوشش کی۔



Source link

متعلقہ پوسٹ