آئی سی سی آئی اراکین کی فلاح و بہبود کے لیے فاؤنڈیشن اور ٹرسٹ قائم کرے گا، ذکریا اکبر ضیا

1001368746.webp


اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے نومنتخب صدر محمد ذکریا اکبر ضیا نے اعلان کیا ہے کہ چیمبر اپنے اراکین کی فلاح و بہبود کے لیے فاؤنڈیشن اور ٹرسٹ قائم کرے گا جبکہ سابق صدر احسن ظفر بختاوری کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں دارالحکومت کا برانڈ ایمبیسیڈر قرار دیا ہے۔

محمد ذکریا اکبر ضیا نے کہا کہ احسن ظفر بختاوری نے اسلام آباد اور تاجر برادری کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں۔ ان کی قیادت میں شہر کو صاف، سرسبز اور خوبصورت بنانے کے ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے لیے بھی نمایاں اقدامات کیے گئے۔

وہ سابق صدر آئی سی سی آئی احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں کے صدور اور تاجر تنظیموں کے عہدیداران کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے، جہاں شرکا نے نومنتخب صدر محمد ذکریا اکبر ضیا، سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ، نائب صدر محمد وقاص خان سواتی اور ایگزیکٹو ممبران کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

محمد ذکریا اکبر ضیا نے کہا کہ احسن ظفر بختاوری نے اپنے دورِ صدارت اور دیگر سماجی و فلاحی سرگرمیوں کے دوران اسلام آباد اور تاجر برادری کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دیں۔ مختلف مارکیٹوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس، واش رومز اور واٹر کولرز کی فراہمی، شجرکاری مہم کے تحت ہزاروں پودے لگانے اور تعلیمی اداروں کو کمپیوٹرز فراہم کرنے جیسے اقدامات ان کی خدمات میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے تاجروں اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ تعلیمی اداروں میں طلبہ کو جدید تعلیمی وسائل مہیا کرنے میں بھی مدد ملی۔ اسلام آباد کو کلین اینڈ گرین بنانے اور عوامی سہولیات بہتر کرنے کے لیے احسن ظفر بختاوری کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔

نومنتخب صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ حقیقی قیادت کا اصل وصف خدمت کا جذبہ ہے جو کسی عہدے کا محتاج نہیں ہوتا۔ چیمبر کی نئی قیادت بھی تاجر برادری کی فلاح و بہبود، باہمی تعاون اور کاروباری مسائل کے حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے گی۔

سابق صدر آئی سی سی آئی احسن ظفر بختاوری نے نومنتخب قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے مکمل تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو دھرنا فری شہر بنایا جائے اور اسے جیل نہ بنایا جائے۔

احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ طویل مارچوں، احتجاجی مظاہروں اور کنٹینرز کے باعث سڑکوں کی بندش سے کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوتی ہیں، تاجروں کو مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے جبکہ ملازمین، طلبہ اور عام شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے آئی سی سی آئی کی نئی قیادت پر زور دیا کہ وہ یہ معاملہ متعلقہ انتظامیہ کے سامنے اٹھائے اور احتجاجی مظاہروں کے لیے مناسب متبادل مقام مختص کرنے کی تجویز پیش کرے تاکہ پُرامن احتجاج کے حق کا احترام کرتے ہوئے دارالحکومت میں کاروبار اور معمولاتِ زندگی متاثر ہونے سے بچائے جا سکیں۔

سابق صدر آئی سی سی آئی اور کونسل ممبر خالد اقبال ملک نے احسن ظفر بختاوری کی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نومنتخب قیادت بھی تاجر برادری کے مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کرے گی اور ان کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔

آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ نے کہا کہ نئی قیادت اتحاد، باہمی مشاورت اور ٹیم ورک کے ذریعے تاجر برادری کے لیے بامقصد اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر احسن ظفر بختاوری کے تجربے اور رہنمائی سے استفادہ کرتا رہے گا۔

آئی سی سی آئی کے نائب صدر محمد وقاص خان سواتی نے کہا کہ بختاوری خاندان تاجر برادری کے ساتھ وابستگی اور مہمان نوازی کی روایات کے باعث نمایاں پہچان رکھتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیمبر کی نئی قیادت کاروباری برادری کے اعتماد پر پورا اترے گی۔

تقریب سے ترنول کے معروف تاجر واجد ایوب، بلیو ایریا کے صدر یوسف راجپوت، جی الیون کے صدر ملک نعیم اعوان، ای الیون کے صدر ظاہر عباسی اور آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران ابرار الحق، صدف عباسی اور نگینہ خلیق سمیت دیگر تاجر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے نومنتخب قیادت کو مبارکباد پیش کی اور احسن ظفر بختاوری کی تاجر برادری اور اسلام آباد کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر اور مارکیٹوں کی تاجر تنظیموں کے درمیان مضبوط روابط کاروباری مسائل کے حل اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ، مارکیٹوں میں سہولیات کی بہتری اور اسلام آباد کی معاشی ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ تقریب کی نظامت آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر سید عمران بخاری نے انجام دی۔



Source link

متعلقہ پوسٹ