
(ویب ڈیسک)امریکی محکمہ ٹرانسپورٹیشن نے فرانسیسی ائیرلائن ائیر فرانس اور نیدرلینڈز کی فضائی کمپنی کے ایل ایم پر عراقی فضائی حدودکی خلاف ورزی کرنے پر مجموعی طور پر 425,000 امریکی ڈالر ( 11 کروڑ 75 لاکھ 25 ہزار روپے)کا جرمانہ عائد کردیا گیا ہے ۔
دونوں ائیر لائنز پر عراق کی فضائی حدود "بغداد فلائٹ انفارمیشن ریجن” میں 32000 فٹ سے کم بلندی پر اڑان بھرنےکا الزام ہے۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے سکیورٹی خطرات پر امریکی ائیر لائنز کی پروازوں پر یہ پابندی عائد کر رکھی ہے۔
ائیر فرانس اور کے ایل ایم کی یہ پروازیں چونکہ امریکی ائیر لائن ڈیلٹا ائیر سے مشترکہ معاہدے کے تحت کوڈ شیئر کے تحت چلائی جا رہی ہیں۔
اس لیے قانون کے مطابق اگر کوئی بھی ائیر لائن امریکی ائیرلائن سےکوڈ شیئر پرواز چلاتی ہے تو اس پر امریکی حفاظتی قوانین کا اطلاق لازمی ہوتا ہے۔
اس خلاف ورزی کا دورانیہ سال 2022 سے 2025 کے درمیان ہے۔
مزید پڑھیں:یورپ ،مہنگائی کے ستائے شہری سڑکوں پر نکل آئے
امریکی ایوی ایشن حکام کے مطابق ائیر فرانس کی 30 سے زائد اور کے ایل ایم کی 100 سے زائد پروازیں ممنوعہ عراقی فضائی حدود سے گزریں۔
کے ایل ایم پر 320,000 اور ایئر فرانس پر 105,000 ڈالر جرمانہ عائدکیا گیا ہے۔
دونوں ائیرلائنز کو مجموعی رقم میں سے 265,000 اگلے 60 دنوں کے اندر ادا کرنے ہوں گے جب کہ باقی رقم اس صورت میں معاف ہوسکتی ہے اگر اگلے ایک سال کے دوران انہوں نے دوبارہ ایسی کوئی خلاف ورزی نہ کی۔
دونوں ائیرلائنز نے امریکی حکام کو بتایا کہ وہ ریگولیٹری قوانین کی پاسداری کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں اور وضاحت کی کہ متعلقہ پروازوں کے دوران فضائی ٹریفک کے دباؤ کے باعث عراقی ائیر ٹریفک کنٹرولرز نے ان کے پائلٹس کو بلندی کم کرنے یا اوپر نہ جانے کی براہ راست ہدایات دیں، جن پر عمل کرنا فلائٹ کی حفاظت کے لیے ضروری تھا۔

