لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں داماد پر تشدد کرنے والے سسرالیوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں گھر کی جگہ فروخت کرنے کے معاملے پر سسرالیوں نے ریاض نامی شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
متاثرہ شخص اس گھر کا داماد ہے جس کو سسر محمد خان، برادر نسبتی ناصر اور کزن ارشاد نے تشدد کا نشانہ بنایا جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے حوالات میں ڈال دیا۔
پولیس کے مطابق گرفتارملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا کہ لاہور میں بدمعاشی اور تشدد کی کوئی گنجائش نہیں۔
انہوں نے کہا کہ گھریلو ناچاقی پر داماد کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزمان قانون کی گرفت میں ہیں۔ قانون شکنی کرنے والوں کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔

