وفاق آزاد کشمیر کے 100 روزہ منصوبے کے لیے مکمل تعاون دے گا، شہباز شریف

images 16 12


مظفرآباد، — وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت آزاد جموں و کشمیر کے 100 روزہ ترقیاتی منصوبے پر عملدرآمد کے لیے درکار تمام ممکنہ مالی و انتظامی وسائل فراہم کرے گی۔ انہوں نے مظفرآباد میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاحی منصوبوں کو شفافیت، تندہی اور مقررہ وقت میں مکمل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام، وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار علی گیلانی شریک تھے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے پہلے 100 دن کے لیے 14 ارب 75 کروڑ روپے کے ترقیاتی پروگرام کی تفصیلات پیش کیں۔ منصوبے میں صحت، تعلیم، سیاحت، ٹرانسپورٹ، رہائش، صفائی اور نوجوانوں کی ہنرمندی و روزگار شامل ہیں۔
صحت کے شعبے میں تین کیتھ لیبز، دو اسٹروک سینٹرز، بنیادی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن اور کلینک آن ویلز سروس شامل ہے۔ تعلیم کے لیے مستحق طلبہ کے لیے دو وظائف کی اسکیمیں، نوجوانوں کے لیے ہنرمندی پروگرام اور کاروبار کے لیے قرضوں کی فراہمی کا اعلان کیا گیا۔
میرپور اور مظفرآباد میں گرین بس سروس شروع ہو چکی ہے، جبکہ اگلے 100 دنوں میں اسے مزید چھ شہروں تک پھیلایا جائے گا۔ سیاحت کے فروغ کے لیے سرکاری گیسٹ ہاؤسز کی بحالی اور شہروں کی خوبصورتی کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اگلے ماہ بھمبر میں دانش سکول کے افتتاح کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان سکولوں میں مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی لیبارٹریز قائم کی جائیں گی، جبکہ مظفرآباد میں دانش یونیورسٹی کا کیمپس بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے آزاد کشمیر میں اسلام آباد کی طرز پر ’’آسان خدمت مرکز‘‘ قائم کرنے کا بھی اعلان کیا، جہاں شناختی کارڈ، پولیس، صحت اور دیگر سرکاری خدمات ایک چھت تلے فراہم ہوں گی۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے مظفرآباد سے میرپور تک موٹروے کے منصوبے کو اولین ترجیح دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ آزاد کشمیر کے اندرونی علاقوں کو ترقی، سیاحت اور معاشی سرگرمیوں کے لیے کھولے گا۔
انہوں نے وفاقی و ریاستی حکومتوں کو آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے ایک صفحے پر کام کرنے کا کہا اور کہا کہ اب وعدوں کی تکمیل اور منصوبوں کے عملی نتائج کا وقت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے آغاز کے ساتھ ان کی مسلسل نگرانی اور عوام تک فوری رسائی بھی ضروری ہے۔ انہوں نے آزاد کشمیر میں امن و امان، پولیس اصلاحات، صحت، راشن اور شکایات کے فوری حل کے لیے مؤثر نظام کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے پنجاب کے ہنرمندی پروگراموں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت آزاد کشمیر کو اپنے تجربات اور وسائل سے فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کرے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے پاکستان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حمایت اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کے حقوق ملنے تک جاری رہے گی۔

متعلقہ پوسٹ