اسلام آباد: محمد سلیم سے
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعرات کو اسلام آباد میں ایسوسی ایشن آف ساؤتھ ایسٹ ایشین نیشنز (آسیان) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن سے ملاقات کی اور آسیان اور جنوب مشرقی ایشیائی خطے کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ و بڑھتی ہوئی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں دونوں فریقوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ غذائی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور آسیان کے درمیان موجودہ اچھے تعلقات کو ٹھوس اقتصادی اور ترقیاتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور مغربی ایشیا کے سنگم پر پاکستان کے اسٹریٹجک مقام کو نمایاں کیا اور کہا کہ پاکستان خطے میں رابطوں، تجارت اور اقتصادی انضمام کے فروغ کے لیے اہم دروازہ ثابت ہو سکتا ہے۔
آسیان کے سیکرٹری جنرل نے وزیراعظم کے دورے کے لیے پاکستان کی گرم جوشی اور انتظامات پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے کے لیے آسیان کے عزم کا اعادہ کیا، پاکستان کی قریبی تعاون میں دلچسپی کا خیرمقدم کیا اور اظہار خیال کیا کہ مسلسل تعاون اور یہ دورہ باہمی شراکت داری کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

