پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے دریائے ستلج، راوی اور چناب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کریں، جبکہ شہریوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق ندی نالوں میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔
