اسلام آباد (نمائندہ وائس آف جرمنی) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے پیر کے روز کہا ہے کہ پٹرولیم شعبے میں اصلاحات طویل المدتی پائیداری اور معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں اور حکومت ان اصلاحات کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
یہ بات انہوں نے آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے ہیڈ آفس میں منیجنگ ڈائریکٹر اور سینئر حکام سے ملاقات کے دوران کہی۔ وزیر پٹرولیم نے کہا کہ توانائی کے شعبے کی مقامی سطح پر ترقی ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے، اور ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن (ای اینڈ پی) کمپنیاں اس قومی ہدف کے حصول کے لیے بھرپور محنت کر رہی ہیں۔
وزارت پٹرولیم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق او جی ڈی سی ایل انتظامیہ نے وزیر کو آپریشنل سرگرمیوں اور پروڈکشن آپٹیمائزیشن پلان پر بریفنگ دی، جس کا مقصد پرانے ہائیڈروکاربن فیلڈز میں پیداوار میں کمی کو سست کرنا ہے۔ وزیر کو یہ بھی بتایا گیا کہ پیداوار کو برقرار رکھنے اور ریکوری بڑھانے کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔