اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہونے کے افسوسناک واقعے کے بعد کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد بھر میں فائر سیفٹی اور ایمرجنسی رسپانس انتظامات کا جامع سروے کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اتوار کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق سی ڈی اے کے چیئرمین محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی ہے کہ شہر کے تمام رہائشی اور کمرشل عمارتوں میں فائر سیفٹی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات کا ایک ماہ کے اندر سروے مکمل کیا جائے۔
یہ فیصلہ سیکٹر جی سیون کی کچی آبادی میں پیش آنے والے المناک واقعے کے بعد کیا گیا، جہاں گیس سلنڈر پھٹنے سے شادی والا گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ دھماکے میں دولہا، دلہن اور دولہے کی والدہ سمیت کم از کم 8 افراد جاں بحق جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے۔
سی ڈی اے حکام کے مطابق سروے کا مقصد فائر سیفٹی کے انتظامات میں موجود خامیوں کی نشاندہی، بلڈنگ قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانا اور مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات تجویز کرنا ہے۔ اس سلسلے میں دیگر متعلقہ اداروں سے بھی تعاون حاصل کیا جائے گا۔
واقعے نے بالخصوص کچی آبادیوں میں حفاظتی انتظامات کی کمی اور غیر محفوظ گیس سلنڈرز کے استعمال پر ایک بار پھر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔


