پاکستان اور سعودی عرب کا توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

IMG 20260130 WA03591


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی، جس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں جاری تعاون کا جائزہ لیا گیا اور نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں فریقین نے اقتصادی شراکت داری کو وسعت دینے اور باہمی مفاد پر مبنی سرمایہ کاری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
سعودی سفیر نواف المالکی نے ریاض میں حال ہی میں منعقد ہونے والے فیوچر منرلز فورم میں پاکستان کی فعال شرکت کو سراہا اور معدنیات کے شعبے میں تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے مسلسل روابط کی اہمیت پر زور دیا۔
وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے فیوچر منرلز فورم کے کامیاب انعقاد پر سعودی عرب کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ پلیٹ فارم علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے اہم مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون کی بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات عملی نتائج میں تبدیل ہوں گے، جس سے سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور پائیدار ترقی کے مشترکہ منصوبوں کو فروغ ملے گا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے آئندہ دنوں میں اقتصادی اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ پوسٹ