پیٹرول بم کے خلاف بڑے احتجاج اور مارچ کریں گے، پی ٹی آئی کا اعلان

IMG 20260403 WA2517


اسلام آباد (انٹرنیشنل نیوز ڈیسک) — پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ تاریخی اضافے کو "پیٹرول بم” قرار دیتے ہوئے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مارچ اور مظاہروں کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ حکومت نے عوام پر مہنگائی کا نیا بوجھ ڈالا ہے جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی کے سینئر رہنما سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا کہ 9 اپریل 2026 کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی راولپنڈی کے لیاقت باغ میں بڑا جلسہ کریں گے۔ اگر اجازت نہ ملی تو فیصلہ سڑکوں پر ہوگا اور احتجاج پرامن طور پر جاری رہے گا۔
اس کے علاوہ 7 اپریل کو علیمہ خان کی کال پر 10 ہزار تنظیمی عہدے دار اڈیالہ جیل کے باہر اکٹھے ہوں گے۔ اس موقع پر پریس کانفرنس بھی کی جائے گی۔ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی اور ان کی تنہائی ختم کرنے کے لیے دباؤ بڑھانا ضروری ہے۔
پی ٹی آئی نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے خیبر پختونخوا سمیت دیگر صوبوں میں پریس کلبوں کے سامنے بھی احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کا موقف ہے کہ یہ اضافہ عوام کی مشکلات میں اضافہ کرے گا اور معاشی طور پر کمزور طبقات کو شدید متاثر کرے گا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیے گئے اضافے کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔ پارٹی نے واضح کیا کہ وہ آئینی اور پرامن طریقے سے اپنے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی۔
یہ احتجاج رجیم چینج کے چار سال مکمل ہونے کے موقع پر بھی اہمیت کا حامل ہے، جس میں عدلیہ، آئین کی بالادستی اور عمران خان کی رہائی جیسے مسائل بھی اٹھائے جائیں گے۔

متعلقہ پوسٹ