بینکاک: ۸ سالہ ہندوستانی جمناسٹ محمد حسنین نے ۶ زمرے میں ۶ گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کر دی

hasnain gold d


بنکاک (تھائی لینڈ) — مور لینڈ روڈ اگری پاڑہ، ممبئی کے رہائشی ۸ سالہ جمناسٹک چیمپئن محمد حسنین محمد ذوہیب کلوا نے بینکاک میں منعقدہ انٹرنیشنل جمناسٹک چیمپیئن شپ (Under-10، سطح 2) میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ الگ الگ زمروں میں چھ گولڈ میڈل حاصل کر کے نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا میں اپنا لوہا منوا لیا ہے۔
حسنین نے فلور ایکسرسائز، ہوریزنٹل بار، پیرلل بار، پومیل ہارس، اسٹیل رنگز اور والٹ کے مقابلوں میں بغیر کسی غلطی کے بہترین پرفارمنس دی۔ انہوں نے ۱۵ سے زائد ممالک کے بچوں کو پیچھے چھوڑ کر تمام گولڈ میڈل اپنے نام کر لیے۔ پورا اسٹیڈیم ان کی کارکردگی پر عش عش کر اٹھا۔
حسنین کی یہ کامیابی اس وقت مزید قابل ذکر ہے جب انہوں نے صرف ۵ سال کی عمر میں اسپورٹس پارک آف انڈیا اکیڈمی، ماٹونگا میں تربیت شروع کی تھی۔ والدین نے بچے کی قدرتی پھرتی اور صلاحیت کو جلد پہچان لیا تھا۔ ریاستی سطح پر متعدد گولڈ، سلور اور برونز میڈل جیتنے کے بعد اب عالمی سطح پر بھی انہوں نے ثابت کر دیا کہ وہ ایک حقیقی چیمپئن ہیں۔
انقلاب سے بات چیت میں شرماتے ہوئے حسنین نے کہا:
”میں ہندوستان کے لیے ایشین گیمز اور اولمپک گیمز میں حصہ لینا چاہتا ہوں اور اپنی صلاحیتوں سے ملک کا نام روشن کرنا چاہتا ہوں۔“
یہ کامیابی نہ صرف حسنین بلکہ ان کے والدین، کوچز اور اسپورٹس پارک آف انڈیا اکیڈمی کے لیے بھی فخر کا باعث ہے۔ ان شاء اللہ، یہ چھوٹا چیمپئن مستقبل میں ہندوستان کے لیے بڑی کامیابیاں لے کر آئے گا۔

متعلقہ پوسٹ