اسرائیل کا غزہ جنگ بندی مرکز سے اسپین کو نکالنے کا اعلان

IMG 20260410 WA1224


یروشلم،— اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیٹن یاہو نے امریکہ کی حمایت یافتہ سول ملٹری کوآرڈینیشن سنٹر (CMCC) سے اسپین کے نمائندوں کو نکالنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ مرکز غزہ میں انسانی امداد اور جنگ بندی کے نفاذ کی نگرانی کرتا ہے۔
خارجہ وزیر گیڈیون سعار کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ نیٹن یاہو نے کہا کہ ”سپین کا مؤقف اور حالیہ بیانات اس تعاون کے فریم ورک سے مطابقت نہیں رکھتے“۔ انہوں نے میڈرڈ پر ”اسرائیل مخالف تعصب“ اور ”اسرائیل دشمنی“ کا الزام لگایا۔
CMCC مرکز کرایت گات میں قائم کیا گیا تھا، جو غزہ سرحد سے تقریباً 19 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ امریکی تجویز کردہ جنگ بندی معاہدے کا حصہ ہے اور انسانی امداد، لاجسٹکس اور جنگ بندی کی نگرانی کا کام کرتا ہے۔
اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز اور خارجہ وزیر جوس مانوئل البارس نے اسرائیلی فوجی کارروائیوں کی شدید تنقید کی ہے۔ حال ہی میں اسپین نے لبنان پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی، انہیں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا اور یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کے ساتھ اپنا ایسوسی ایشن معاہدہ معطل کر دے۔ سانچیز نے ایران سے متعلق تنازع کے دوران بھی اسرائیل کی کارروائیوں پر سخت موقف اختیار کیا ہے۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اسپین کا یہ رویہ جنگ بندی کے فریم ورک میں حصہ لینے کے لیے مناسب نہیں۔
یہ اقدام اسرائیل اور یورپی ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی سفارتی کشیدگی کو ظاہر کرتا ہے، جن میں سے کئی نے غزہ، لبنان اور ایران میں اسرائیلی پالیسیوں کی شدید مخالفت کی ہے۔ اسپین نے پہلے ہی اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلایا تھا اور بڑے ہتھیاروں کے معاہدے منسوخ کر دیے تھے۔
اسپین کی حکومت اور امریکہ کی جانب سے اب تک اس فیصلے پر کوئی براہ راست ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

متعلقہ پوسٹ