تہران — ایران کی انٹیلی جنس سروس نے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے 50 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایرانی وزارتِ انٹیلی جنس کے مطابق گرفتار افراد پر دشمن ممالک کو حساس معلومات فراہم کرنے کا سنگین الزام ہے۔
ایرانی حکام کے بیان کے مطابق گرفتار افراد کے امریکی اور اسرائیلی خفیہ اداروں سے براہِ راست رابطے تھے اور انہوں نے ایران کے فوجی تنصیبات، جوہری مقامات اور دفاعی انفراسٹرکچر سے متعلق حساس معلومات دشمن کو پہنچائیں۔
وزارتِ انٹیلی جنس کے ترجمان نے کہا کہ "یہ نیٹ ورک کئی ماہ سے سرگرم تھا اور بروقت کارروائی سے بڑے نقصان کو روکا گیا۔” گرفتار افراد میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں جن میں سرکاری ملازمین اور ٹیکنیکل ماہرین بھی بتائے جاتے ہیں۔
ایران میں جاسوسی کے جرم میں سخت ترین سزائیں دی جاتی ہیں اور یہ معاملہ اب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ انسانی حقوق تنظیموں نے گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے منصفانہ سماعت کا مطالبہ کیا ہے۔

