اسلام آباد : وفاقی حکومت نے پاور سیکٹر کے ملازمین کو دیے جانے والے مفت بجلی یونٹس کی سہولت ختم کر دی ہے۔ یہ فیصلہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے بعد عمل میں آیا ہے، جس نے پاور ڈویژن کی عرضی قبول کر لی تھی۔
وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ "ملکی تاریخ میں پہلی بار وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاور سیکٹر کے اہلکاروں کے فری یونٹس ختم کیے گئے ہیں۔”
وزیر نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ فری یونٹس کا خاتمہ عوام کا سب سے پرانا اور دیرینہ مطالبہ تھا، جسے موجودہ حکومت نے پورا کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "الحمدللہ، اللہ تعالیٰ نے اس اہم اقدام کا اعزاز موجودہ حکومت کو عطا کیا ہے۔ انشاءاللہ ہم ہر وہ قدم اٹھائیں گے جو ملک اور قوم کی بہتری کے لیے ہو۔”
یہ اقدام پاور سیکٹر میں اصلاحات کا حصہ بتایا جا رہا ہے، جس سے بجلی کی تقسیم میں شفافیت اور عوامی مطالبات کی تکمیل کا امکان پیدا ہوا ہے۔ پاور سیکٹر ملازمین کو دیے جانے والے مفت یونٹس کا مسئلہ کئی برسوں سے عوامی سطح پر تنقید کا نشانہ بنا ہوا تھا، خاص طور پر جب عام صارفین بھاری بجلی بل ادا کر رہے ہیں۔

