اقوام متحدہ نے یوکرین کے شہر نیپرو کے مرکزی ریلوے اسٹیشن پر روسی ڈرون حملے کی شدید مذمت کی ہے، جس میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق کم از کم 13 شہری ہلاک اور 10 زخمی ہوئے۔ اقوام متحدہ نے کہا کہ بچاؤ کارروائیوں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
یوکرین میں اقوام متحدہ کے امدادی رابطہ کار میتھیاس شمالے نے کہا کہ جیٹ انجن سے چلنے والے روسی ڈرون نے اس وقت ریلوے اسٹیشن کا پلیٹ فارم نشانہ بنایا جب زاپوریژیا کی جانب جانی والی ٹرین پلیٹ فارم پر موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ سفر کی تیاری کرنے والے عام شہریوں نے موت اور تباہی کا سامنا کیا۔
میتھیاس شمالے کے مطابق رواں سال کے آغاز سے روسی حملوں اور فضائی انتباہات کے باعث مسافروں اور ریلوے کارکنوں کو ہر سفر میں بڑھتے خطرات کا سامنا ہے، جس سے ٹرینوں کی حفاظت اور آمدورفت کے نظام پر اثر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں پل، اسپتال، اسکول، شاپنگ سینٹرز اور ریلوے اسٹیشن جیسے شہری بنیادی ڈھانچے کو مسلسل نشانہ بنایا گیا ہے۔
علاقائی حکام کے مطابق زخمیوں میں 11 سالہ لڑکا بھی شامل ہے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہا کہ شہریوں اور شہری بنیادی ڈھانچے پر حملے بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہیں اور انہیں فوری طور پر روکا جانا چاہیے۔
دوسری جانب، اقوام متحدہ نے کہا کہ روس کے زیرِ قبضہ یوکرینی علاقے کیرسون کے قصبے اولیشکی میں امدادی سامان پہنچانے اور متاثرہ افراد کے انخلاء میں مدد کی تیاریاں تیز کی جا رہی ہیں، جہاں جنگ بندی یکم نومبر کی شام ختم ہونے کی توقع ہے۔

