اسلام آباد: بیورو رپورٹ محمد سلیم سے
اسلام آباد کا پہلا جدید اور ڈیجیٹل بلیو ایریا پارکنگ پلازہ مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ سی ڈی اے اور ایم سی آئی انتظامیہ کی جانب سے بلیو ایریا میں تعمیر کردہ پارکنگ پلازہ عوام کے لیے مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پلازہ میں بیک وقت 1,200 سے زائد گاڑیاں کھڑی کرنے کی گنجائش ہے۔ پارکنگ کی سہولت 24 گھنٹے، ہفتے کے ساتوں دن دستیاب ہوگی۔
ابتدائی طور پر چند روز کے لیے پارکنگ عوام کے لیے مکمل مفت رکھی گئی ہے۔ اس کے بعد گاڑیوں کے لیے 100 روپے اور موٹر سائیکلوں کے لیے 50 روپے پارکنگ فیس مقرر کی گئی ہے، جبکہ پہلے 20 منٹ پارکنگ مکمل مفت ہوگی۔
پلازہ میں مکمل ڈیجیٹل پارکنگ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے اور سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم نصب کیا گیا ہے۔ عوام کی سہولت کے لیے کیش لیس اور آن لائن ادائیگی کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ جدید نظام کے تحت پلازہ میں داخل ہونے والی ہر گاڑی اور موٹر سائیکل کی رسید ڈیجیٹل طور پر جاری ہوگی، جبکہ فیس گاڑی یا موٹر سائیکل کے باہر نکلتے وقت وصول کی جائے گی۔
مستقبل قریب میں پلازہ کی چھت پر شہریوں کے لیے ریستوران کی سہولت بھی متعارف کرائی جائے گی، جہاں شہریوں اور سیاحوں کو بہترین کھانے اور تفریح کی سہولیات میسر ہوں گی۔ پلازہ میں متعدد تجارتی دکانوں کی نیلامی سی ڈی اے پہلے ہی مکمل کر چکی ہے۔
اس جدید پارکنگ پلازہ کے قیام سے بلیو ایریا اور اس کے گرد و نواح میں پارکنگ کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے میں مدد ملے گی اور شہریوں کو محفوظ، منظم اور جدید پارکنگ سہولت میسر آئے گی۔ یہ منصوبہ وفاقی دارالحکومت میں جدید اور ڈیجیٹل پارکنگ متعارف کرانے کی جانب اہم قدم ہے، اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور کیش لیس نظام شہریوں کو فیس کی شفاف ادائیگی کے ساتھ جدید اور محفوظ پارکنگ فراہم کرے گا۔

