غزہ میں بارش کے سبب خیموں میں رہنے والے پناہ گزینوں کو شدید دشواری

gaza ramallah d


رام اللہ: غزہ میں موسم سرما کی بارش نے عارضی پناہ گاہوں کو تباہ کر دیا ہے، جس کے بعد بے گھر خاندانوں کے لیے سردی سے بچاؤ اور خوراک کا انتظام انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔ بارش کا پانی خیموں میں داخل ہو کر محدود خوراکی ذخائر کو برباد کر رہا ہے۔
بارش، سیلاب اور سیوریج کے پانی نے خیموں میں محفوظ خوراک تباہ کر دی ہے، جبکہ بے گھر افراد کے لیے رہائشی حالات مزید خراب ہو گئے ہیں۔ عالمی ادارہ برائے خوراک (ڈبلیو ایف پی) نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں بیشتر لوگ کھانا پکانے کے لیے کوڑا کرکٹ جلاتے ہیں، لیکن اب بارش کی وجہ سے کوڑا بھی بھیگ چکا ہے۔
فلسطینی علاقوں کے لیے ڈبلیو ایف پی کے ڈائریکٹر شان ہیوز نے گزشتہ ہفتے غزہ کا دورہ کرنے کے بعد جنیوا میں صحافیوں کو بتایا کہ سیلاب اور سیوریج کے پانی نے خیموں میں رکھی خوراک تباہ کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھانا پکانے کے لیے گیس اور لکڑی یا تو دستیاب نہیں یا لوگوں کی قوت خرید سے باہر ہیں۔
عالمی ادارہ برائے تارکین وطن (آئی او ایم) کے علاقائی بحران رابطہ کار کارل بیکر نے بتایا کہ صرف ایک دن کی بارش سے ہزاروں عارضی پناہ گاہیں متاثر ہوئیں یا مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔
دونوں اداروں نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں 17 لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہیں، جبکہ تقریباً 14 لاکھ افراد شدید غذائی قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔ ڈبلیو ایف پی بے گھر خاندانوں کی خیمہ بستیوں میں روزانہ ایک وقت کا تیار کھانا فراہم کرتا تھا، لیکن اب یہ کھانا ہر دوسرے دن فراہم کیا جا رہا ہے۔
شان ہیوز نے بتایا کہ غزہ کے تقریباً 70 فیصد علاقے پر اسرائیلی فوجی کنٹرول کے باعث لوگوں کے پاس خوراک اگانے کے لیے جگہ باقی نہیں رہی۔ سمندر میں ماہی گیری ممنوع ہے اور اس میں جان کا خطرہ بھی ہے، جبکہ بے روزگاری کی شرح 80 فیصد سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی امداد کے بغیر لوگوں کے پاس زندہ رہنے کا کوئی متبادل ذریعہ باقی نہیں رہا۔
عارضی بستیوں کے انتظام کو بہتر بنانا موسم سرما کے آغاز پر بے گھر خاندانوں کو تحفظ فراہم کرنے کا فوری اور مؤثر ترین طریقہ سمجھا جا رہا ہے۔ امدادی ٹیمیں کئی ماہ سے سردیوں کی تیاری کر رہی ہیں، جس کے تحت نکاسی آب کے لیے نالیاں کھودی گئی ہیں، راستوں کو مضبوط بنایا گیا ہے اور خالی بوریوں کو ریت سے بھر کر سیلابی پانی روکنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
آئی او ایم کے مطابق ان اقدامات کو جاری رکھنے اور مزید وسعت دینے کے لیے آنے والے مہینوں میں کم از کم 90 لاکھ ڈالر درکار ہیں۔ یہ رقم سیلاب سے بچاؤ، آگ سے حفاظت، حرارتی مراکز، روشنی کے انتظام اور ہنگامی بنیاد پر بستیوں کی بہتری پر خرچ کی جائے گی۔

متعلقہ پوسٹ