فرانس: مغربی کنارے کے لیے 55 لاکھ ڈالر کی امداد کا معاہدہ

france 1 d


پیرس: فرانس نے فلسطینی اتھاریٹی کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت مقبوضہ مغربی کنارے کے پسماندہ فلسطینی دیہات میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے 55 لاکھ ڈالر کی مالی امداد دینے کا وعدہ کیا ہے۔
اس رقم سے پانی کی فراہمی، نکاسی آب، بجلی، صحت اور زرعی سرگرمیوں سے متعلق بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں مدد فراہم کی جائے گی۔ معاہدے پر یروشلم میں فرانس کے قونصل جنرل الیکسس لی کور گرانڈمیشن اور فلسطینی اتھاریٹی کے وزیر خزانہ اسٹیفن سلامہ نے دستخط کیے۔
فلسطینی خبر رساں ادارے کے مطابق امکان ہے کہ یہ فنڈز اگلے سال کے اوائل میں استعمال کیے جائیں گے، جس سے تقریباً 22 ہزار فلسطینیوں کو بنیادی سہولتیں میسر آئیں گی۔ امدادی منصوبوں میں طوباس اور سلفیت کے علاقے شامل ہوں گے۔
یہ دیہات مغربی کنارے کے ایریا سی میں واقع ہیں، جو مقبوضہ مغربی کنارے کے تقریباً 60 فیصد رقبے پر مشتمل ہے اور 1967ء سے اسرائیلی قبضے میں ہے۔ فلسطینیوں کو اس علاقے میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ یہودی آباد کاروں کی جانب سے فلسطینیوں پر حملوں کے واقعات بھی پیش آتے رہتے ہیں۔
فرانس کے قونصل جنرل الیکسس لی کور گرانڈمیشن نے کہا کہ فرانس ان علاقوں میں فلسطینیوں کے حالات بہتر بنانے کے اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔ فرانس نے ستمبر 2025ء میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا تھا اور متعدد پرتشدد یہودی آباد کاروں پر پابندیاں بھی عائد کی ہیں۔

متعلقہ پوسٹ