چینی باشندوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد – وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں چینی شہریوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے میں داخل ہونے کے تناظر میں اس کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔منگل کے روز اسلام آباد میں چینی باشندوں کے سکیورٹی انتظامات سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ "ہم ملک میں چینی برادری کے لیے ایک محفوظ اور کاروبار دوست ماحول تعمیر کر رہے ہیں۔”وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک اب دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان بزنس ٹو بزنس تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیوں کا پاکستانی معیشت پر اعتماد ہمارے اقتصادی مستقبل کے لیے نہایت اہم ہے۔وزیراعظم نے ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر چینی باشندوں کی آمد و رفت کے لیے سہولیات کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سمیت پورے ملک میں عالمی معیار کے مطابق سیف سٹی منصوبے تعمیر کیے جا رہے ہیں تاکہ چینی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ پوسٹ