چین کی جانب سے مزید 300 پاکستانی طلبہ زرعی تربیت کے لئے روانہ، چینی سفیر کا تقریب سے خطاب

FB IMG 1755952866992 1

اسلام آباد (فائزہ یونس نمائندہ خصوصی) پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی میں زرعی شعبہ بنیادی حیثیت رکھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون سے یہ شعبہ نئی بلندیوں کو چھو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اقتصادی اشاریے مثبت سمت میں جا رہے ہیں اور دنیا اس بات کی معترف ہے کہ پاکستان ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔

اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، جس میں 300 پاکستانی طلبہ کو زرعی شعبہ میں تربیت کے لئے چین روانہ کیا جا رہا ہے، چینی سفیر نے کہا کہ چین اس ترقیاتی سفر میں ہمیشہ پاکستان کے شانہ بشانہ رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید زرعی علوم اور ٹیکنالوجی کے حصول کے ذریعے پاکستان اپنے زرعی وسائل کو بہتر طور پر بروئے کار لا سکے گا۔

چینی سفیر نے کہا کہ ہنرمند افرادی قوت پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ زرعی شعبے میں ہنر مند نوجوان نہ صرف ملک کے اندر خوراک کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے بلکہ برآمدات بڑھا کر معیشت کو بھی مستحکم کریں گے۔

تقریب میں موجود پاکستانی حکام نے چین کی جانب سے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان "پاک-چین دوستی” کی مزید مضبوطی کا مظہر ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سینکڑوں پاکستانی طلبہ چین میں زرعی تعلیم و تربیت حاصل کرچکے ہیں، اور زرعی ٹیکنالوجی، جدید تحقیق اور ہنرمندی کے ذریعے پاکستان کے زرعی شعبہ کو فائدہ پہنچا رہے ہیں۔

متعلقہ پوسٹ