اسلام آباد (فائزہ یونس نمائندہ خصوصی) — وزیراعظم محمد شہباز شریف سرکاری دورے پر دوحہ روانہ ہو گئے، جہاں وہ عرب-اسلامی سربراہی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں عرب اور اسلامی ممالک کی قیادت فلسطین اور غزہ کی صورتحال، مقبوضہ جموں و کشمیر، مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز، انسانی بحران اور خطے میں امن و استحکام کے معاملات پر غور کرے گی۔ اجلاس کا مقصد مسلم ممالک کے درمیان اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینا اور مشترکہ مؤقف اختیار کرنا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اجلاس میں اپنے خطاب کے دوران پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کریں گے اور اس بات پر زور دیں گے کہ مسلم ممالک کو عالمی سطح پر مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ فلسطین اور کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور انسانی بحران کے فوری خاتمے کا مطالبہ بھی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اپنے قیام کے دوران مختلف اسلامی ممالک کے سربراہان اور حکومتی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت ہوگی۔
