کراچی: سندھ بھر میں کتے کے کاٹنے کے واقعات تشویش ناک حد تک بڑھ گئے ہیں، جہاں صرف کراچی کے تین بڑے سرکاری و نجی اسپتالوں میں رواں سال کے دوران ریبیز کے 40 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جنوری سے اب تک جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کراچی میں 16 ہزار، انڈس اسپتال میں 13 ہزار جبکہ سول اسپتال کراچی میں 12 ہزار سے زائد متاثرہ افراد علاج کے لیے لائے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 12 ماہ کے دوران ان تین اسپتالوں میں کتے کے کاٹنے کے مجموعی کیسز کی تعداد 40 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جس نے صحتِ عامہ کے نظام پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ رواں سال سندھ میں ریبیز کے باعث کم از کم 22 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ ماہرین صحت کے مطابق بروقت ویکسین اور حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی صورت میں یہ تعداد مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کی آبادی کنٹرول کرنے، ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے اور فوری طبی سہولیات مہیا کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔

