مکہ مکرمہ / مدینہ منورہ
رمضان المبارک 1446ھ کے پہلے جمعہ کے بابرکت موقع پر مسجد الحرام، مسجد نبوی ﷺ، مسجد قبلتین اور مسجد قباء میں 20 لاکھ سے زائد زائرین اور نمازیوں کا عظیم الشان اجتماع ہوا۔
عقیدت مندوں کا ہجوم اتنا وسیع تھا کہ مساجد کے اندرونی حصوں کے علاوہ صحن، اوپری منزلیں، ارد گرد کی عمارتیں اور شاہراہوں تک نمازیوں کی صفیں بچھ گئیں اور سینکڑوں میل دور سے آئے زائرین نے ایک ساتھ سجدہ ریز ہو کر ایمان کی لازوال تصویر پیش کی۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی حکام نے ان مساجد کے اطراف سیکیورٹی اور صفائی ستھرائی کے خصوصی اور جامع انتظامات کیے جس سے لاکھوں زائرین نے بہترین ماحول میں عبادت کی سعادت حاصل کی۔
سعودی عرب کی دیگر مساجد میں بھی نمازِ جمعہ کے موقع پر لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور رمضان کے پہلے جمعہ کو خصوصی دعاؤں اور تلاوتِ قرآن کے ساتھ یادگار بنایا۔

