نیو جرسی،): فوربس نے اس سال کے 34 نئے ارب پتیوں کی فہرست جاری کی ہے، جن میں نمایاں تعداد کی دولت مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے وابستہ کمپنیوں سے حاصل ہوئی ہے۔ ان 34 افراد کی مجموعی دولت تقریباً 321 ارب ڈالر ہے۔ ان میں 15 افراد کا تعلق ٹیکنالوجی کے شعبے سے ہے، جن میں سے بیشتر اے آئی کے کاروبار سے منسلک ہیں۔
نئے آنے والوں میں اوپن اے آئی کے شریک بانی گریگ بروک مین 25.5 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ اے آئی روبوٹکس کمپنی فگر کے بانی بریٹ ایڈکاک 23.4 ارب ڈالر کے مالک ہیں، جبکہ انتھروپک کے چھ شریک بانیوں میں سے ہر ایک کی دولت تقریباً 15.5 ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔
اے آئی کمپنی کاگنیشن کے شریک بانی اسٹیون ہاؤ تقریباً 5.8 ارب ڈالر کے ساتھ فوربس 400 امیر ترین افراد کے سب سے کم عمر نئے رکن بنے ہیں۔ فوربس 400 میں 40 سال سے کم عمر ارب پتیوں کی تعداد 4 سے بڑھ کر 10 ہو گئی ہے، اور ان 10 میں سے 7 کی دولت براہِ راست اے آئی سے وابستہ ہے۔
یہ رجحان ظاہر کرتا ہے کہ اے آئی اب صرف ٹیکنالوجی کا شعبہ نہیں رہا بلکہ نئی دولت پیدا کرنے کا بڑا ذریعہ بن چکا ہے۔ کمپنیوں کی قدر میں بے پناہ اضافے کے باعث بانیوں اور ابتدائی سرمایہ کاروں کے حصص کی مالیت چند برسوں میں اربوں ڈالر تک پہنچ رہی ہے۔

