مکہ مدینہ پر حملے ناقابل قبول، او آئی سی کا حوثیوں کے خلاف سخت مؤقف
اسلامی مقدس مقامات پر حملے پوری مسلم امت کے جذبات پر حملہ ہیں، او آئی سی سیکرٹری جنرل
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل اسماعیل بن شیخ احمد نے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور سعودی عرب کے دیگر مقامات پر حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ انہوں نے اسلامی مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کی کوششوں کو پوری مسلم امت کے لیے باعث تشویش قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
او آئی سی کے اعلامیے کے مطابق سیکریٹری جنرل نے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، طائف اور جدہ سمیت مختلف مقامات پر حملوں اور اسلامی مقدس مقامات کی بے حرمتی کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ میدان عرفات کے قریب وادی مغمس کو نشانہ بنانا اس بات کا ثبوت ہے کہ حملہ آور مقدس مقامات کے احترام اور عام شہریوں کی حفاظت کو اہمیت نہیں دیتے۔
اسماعیل بن شیخ احمد نے کہا کہ اسلامی مقدس مقامات پر حملے پوری مسلم امت کے جذبات پر حملہ ہیں، جنہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مسلم دنیا پر زور دیا کہ وہ حوثی شدت پسندوں کی کارروائیوں کی روک تھام اور ایسے واقعات کے خاتمے کے لیے مضبوط اور ذمہ دارانہ مؤقف اپنائے۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مقدس مقامات پر حملوں کے خلاف فوری اقدامات کیے جائیں اور ان کارروائیوں کے ذمہ داروں کا احتساب یقینی بنایا جائے۔
اعلامیے کے مطابق اسماعیل بن شیخ احمد نے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

