کاپ۳۱؍: بجلی کے استعمال کو موسمیاتی ایجنڈے میں سرفہرست رکھا گیا

cop31 d


انطالیہ (ایجنسی): اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کاپ۳۱؍ پیر کو ترکی کے شہر انطالیہ میں شروع ہوئی۔ یہ کانفرنس ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ایران کے خلاف امریکہ کی قیادت میں جاری جنگ کے پس منظر میں دنیا کا فوسل فیول پر انحصار ایک بار پھر نمایاں ہوا ہے۔ کانفرنس ۲۰؍ نومبر تک جاری رہے گی۔
ترکی نے بجلی کے استعمال کو ایجنڈے میں مرکزی حیثیت دینے کا اعلان کیا ہے اور اس سلسلے میں ’۳۵؍ بائی ۳۵؍ گلوبل الیکٹری فکیشن عہد‘ کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد ۲۰۳۵ء تک عالمی توانائی کی طلب میں بجلی کا حصہ کم از کم ۳۵؍ فیصد تک پہنچانا ہے۔ بین الاقوامی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) کے مطابق اس وقت توانائی کی مجموعی آخری کھپت میں بجلی کا حصہ تقریباً پانچواں حصہ ہے۔
ترکی کا کہنا ہے کہ یہ ہدف قابل تجدید ذرائع کی جانب منتقلی کی رفتار بڑھانے کے ساتھ توانائی کے تحفظ کو بھی مضبوط کرے گا۔ کاپ۳۱؍ کے صدر اور ترک وزیر ماحولیات مرات کوروم نے کہا کہ اس سال توانائی کے بحران نے سب کو جھنجھوڑ دیا ہے اور اب ہر کوئی سمجھ گیا ہے کہ درآمد شدہ توانائی پر کنٹرول نہیں ہوتا۔ ان کے مطابق بجلی کا استعمال ہی اس کا حل ہے، کیونکہ یہ عالمی منڈیوں میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ سے تحفظ دیتا اور کاربن کے اخراج میں کمی لاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاپ۳۱؍ کا مقصد بجلی کے دور کا آغاز کرنا ہے۔
کانفرنس کی دیگر ترجیحات میں زیرو ویسٹ، میتھین کے اخراج میں کمی، موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنے والے شہر، ماحول دوست صنعتی ترقی، تعلیم اور قومی موسمیاتی منصوبوں پر عمل درآمد شامل ہیں۔
تاہم ماحولیاتی تنظیموں نے اس عہد پر تنقید کی ہے کہ اس میں یہ پابندی نہیں کہ اضافی بجلی کم کاربن ذرائع سے ہی پیدا کی جائے۔ اس سے یہ بحث چھڑ گئی ہے کہ کیا صرف بجلی کے استعمال میں اضافے کو موسمیاتی پیش رفت قرار دیا جا سکتا ہے۔ دوسری طرف بحرالکاہل کے جنوبی جزیرہ نما ممالک سمیت کئی ملکوں کا اتحاد فوسل فیول سے بتدریج دوری کے لیے زیادہ واضح عالمی لائحہ عمل کا مطالبہ کر رہا ہے۔ سعودی عرب سمیت تیل و گیس پیدا کرنے والے کئی ممالک کا موقف ہے کہ اخراج میں کمی یا اسے جذب کرنے والی ٹیکنالوجی کے ساتھ فوسل فیول عالمی توانائی نظام میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

متعلقہ پوسٹ