اسلام آباد (انٹرنیشنل کارسپونڈنٹ فائزہ یونس سے )
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شہریوں کو دورانِ سفر درپیش فنی مسائل کے فوری حل کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے "میکینک آن ویلز” سروس متعارف کروا دی گئی ہے۔ یہ سروس شہریوں کو کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں تکنیکی مدد فراہم کرنے کے لیے دن رات سرگرم ہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے اسلام آباد ٹریفک پولیس شہریوں کو ہر ممکن سفری سہولیات فراہم کرنے، ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور حادثات کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے۔ اسی سلسلے میں "میکینک آن ویلز” ایک قابلِ تحسین اقدام ہے جو دورانِ سفر شہریوں کو پیش آنے والی فنی مشکلات کا فوری حل فراہم کرتا ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق اس سروس کے تحت ماہر مکینکس پر مشتمل موبائل ٹیم شہری کی کال موصول ہونے پر فوری طور پر مقررہ مقام پر پہنچتی ہے اور گاڑی یا موٹر سائیکل کی خرابی جیسے کہ انجن بند ہو جانا، ٹائر پنکچر، بیٹری ڈاؤن یا دیگر فنی مسائل کی صورت میں ابتدائی امداد فراہم کرتی ہے تاکہ شہری باآسانی اپنا سفر جاری رکھ سکیں۔
چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے بتایا کہ شہری اس سروس سے 24 گھنٹے، ہفتے کے ساتوں دن مفت فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ صرف ہیلپ لائن 1915 پر کال کر کے مدد حاصل کی جا سکتی ہے، جبکہ ہنگامی صورت حال میں پکار-15 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ دورانِ سفر ٹریفک قوانین اور حفاظتی تدابیر پر عمل کو یقینی بنائیں تاکہ شہر میں ایک محفوظ اور مربوط ٹریفک نظام قائم رکھا جا سکے۔