چینگدو (نمائندہ خصوصی) — صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے چین کے سینئر رہنما اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی سینٹرل کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو و سیکرٹریٹ کے رکن، اور پبلسٹی ڈیپارٹمنٹ کے وزیر لی شو لی سے ملاقات کی، جس میں سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر زرداری نے لی شو لی کا سچوان میں میزبانی کرنے پر شکریہ ادا کیا اور دوسرے گولڈن پانڈا ایوارڈز انٹرنیشنل کلچر فورم کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر صدر نے زور دیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعاون کے ساتھ ساتھ عوامی رابطوں اور پبلک ڈپلومیسی کو مزید فروغ دیا جائے۔
لی شو لی نے صدر زرداری کو صدر شی جن پنگ کی نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا اور یاد دلایا کہ فروری میں ہونے والی ملاقات دونوں ممالک کے تعلقات میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے صدر زرداری کے حالیہ مضمون کو، جو چائنا ڈیلی میں شائع ہوا، نہایت اہم اور مثبت قرار دیا اور کہا کہ چین پاکستان کے مؤقف کو اعلیٰ مقام دیتا ہے۔
لی شو لی نے کہا کہ صدر شی جن پنگ اور وہ خود صدر زرداری کی قیادت کو پاکستان-چین شراکت داری کو مضبوط بنانے میں انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا: "دنیا بدل رہی ہے مگر چین اور پاکستان آہنی بھائی رہیں گے۔ آج دنیا کو بارود کی بو کے بجائے کتابوں کی خوشبو کی ضرورت ہے۔”
ملاقات کو دونوں رہنماؤں نے نہایت خوشگوار اور نتیجہ خیز قرار دیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ چین اور پاکستان مستقبل میں بھی ہر میدان میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
