لاس اینجلس – امریکا میں منعقد ہونے والے ایمی ایوارڈز کی تقریب اس وقت سیاسی رنگ اختیار کر گئی جب متعدد فنکاروں اور شریک مہمانوں نے اسٹیج اور ریڈ کارپٹ پر ’’آزاد فلسطین‘‘ کے نعرے بلند کیے اور غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
عینی شاہدین کے مطابق کئی فنکاروں نے فلسطینی پرچم کے رنگوں والے ربن اور بیجز لگا رکھے تھے، جبکہ کچھ شرکاء نے اپنے خطاب میں براہِ راست اسرائیلی حملوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
سوشل میڈیا پر یہ مناظر تیزی سے وائرل ہوگئے ہیں اور ’’Free Palestine‘‘ کا ہیش ٹیگ عالمی سطح پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں اور فلسطینی حامی گروہوں نے اس جرات مندانہ اظہار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی فنکار برادری کی آواز جنگ بندی کی تحریک کو مزید تقویت دے رہی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی لابی سے منسلک بعض حلقوں نے اس اقدام پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ تفریحی ایوارڈز کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔