نیویارک: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں کرسٹیانو رونالڈو کی قیادت میں پرتگال کا مقابلہ منگل کی علی الصباح ڈلاس اسٹیڈیم میں لوئیس ڈی لا فوئنٹے کی زیرِ قیادت الامین جمال کی اسپینی ٹیم سے ہوگا، جہاں شائقین کو روایتی یورپین ڈربی دیکھنے کو ملے گی۔
پرتگال اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہا ہے، تاہم اس کی کارکردگی زیادہ متاثر کن نہیں رہی۔ گروپ مرحلے میں ایک کامیابی اور دو ڈرا کے ساتھ کولمبیا کے بعد دوسرے نمبر پر رہنے والی ٹیم نے راؤنڈ آف 32 میں کروشیا کو شکست دے کر آخری 16 میں جگہ بنائی۔ 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو اپنی بہترین فارم میں نہ ہونے کے باوجود چار میچوں میں تین گول کے ساتھ پرتگال کے سب سے کامیاب گول اسکورر رہے ہیں۔ پرتگال 1966ء اور 2006ء میں سیمی فائنل تک پہنچ چکا ہے اور اس بار پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میں رسائی کا خواہاں ہے۔ وٹینیا، برونو فرنینڈیز اور جواؤ نیویس جیسے مڈفیلڈر رونالڈو کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔
دوسری جانب کوچ لوئیس ڈی لا فوئنٹے کی قیادت میں اسپین شاندار فارم میں ہے۔ 2010ء کی عالمی چیمپئن ٹیم نے گروپ ایچ میں دو فتوحات اور ایک ڈرا کے ساتھ سرفہرست رہنے کے بعد راؤنڈ آف 32 میں آسٹریا کو 3-0 گول سے شکست دی اور اب تک ٹورنامنٹ میں ایک بھی گول قبول نہیں کیا۔ اسپین کی جانب سے میکل اویارزابال چار گول کے ساتھ سب سے کامیاب گول اسکورر ہیں، جبکہ الامین جمال نے ایک گول کیا ہے، تاہم اپنی رفتار اور مہارت سے مسلسل متاثر کیا ہے۔
یہ مقابلہ کرسٹیانو رونالڈو اور الامین جمال کے درمیان نسلوں کی کشمکش کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے، جہاں ایک جانب عالمی فٹبال کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے رونالڈو ہیں، تو دوسری جانب مستقبل کے سپر اسٹار سمجھے جانے والے نوجوان الامین جمال ہیں۔
پرتگال اور اسپین کے درمیان ریکارڈ کے مطابق دونوں ٹیمیں اب تک 41 مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں، جن میں اسپین نے 18 جبکہ پرتگال نے سات میچ جیتے ہیں، جبکہ 16 مقابلے برابر رہے ہیں۔ ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کے درمیان چھ مقابلے ہوئے ہیں، جن میں اسپین نے چار جیتے جبکہ دو میچ ڈرا رہے، جن میں 2018ء ورلڈ کپ کا سنسنی خیز 3-3 کا مقابلہ بھی شامل ہے۔

