*جرمنی میں سب سے بڑی اسلام کانفرنس کا آغاز، 40 ہزار شرکاء کی توقع

IMG 20250829 WA1023




جرمنی میں آج سے ملک کی سب سے بڑی اسلام کانفرنس کا آغاز ہوگیا ہے، جو تین روز تک جاری رہے گی۔ اس کانفرنس کو یورپ کی سطح پر مسلمانوں کے سب سے
بڑے مذہبی و روحانی اجتماع کی حیثیت حاصل ہے، جہاں ہزاروں افراد روحانی و علمی تقاریر سے فیض یاب ہوتے ہیں۔
اس سال کانفرنس میں شریک ہونے والوں کی تعداد تقریباً چالیس ہزار متوقع ہے، جو جرمنی کے مختلف شہروں کے علاوہ دیگر یورپی ممالک سے بھی یہاں پہنچ رہے ہیں۔ شرکاء میں مرد، خواتین، بزرگ اور بچے شامل ہیں جو کانفرنس کے وسیع و عریض میدان میں خصوصی طور پر قائم کردہ خیمہ بستی اور انتظامات کے تحت جمع ہو رہے ہیں۔
کانفرنس کے دوران مذہب، امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی جیسے موضوعات پر تقاریر اور مباحثے ہوں گے۔ اس موقع پر عالمی سطح کے مقررین اور اسکالرز اپنے خطابات میں اسلام کے پیغامِ محبت و امن کو اجاگر کریں گے۔ پروگرام میں قرآنی تعلیمات کی روشنی میں انسانی بھائی چارے، سماجی ہم آہنگی اور معاشرتی انصاف پر بھی گفتگو کی جائے گی۔
انتظامیہ کے مطابق، کانفرنس کے دوران نماز، تلاوتِ قرآن، علمی اجلاسوں اور خصوصی تقاریر کے ساتھ ساتھ ثقافتی اور خاندانی ماحول کو اجاگر کرنے کے لیے بھی مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جرمنی بھر سے آنے والے افراد کے لیے ٹرانسپورٹ اور رہائش کا جامع انتظام کیا گیا ہے جبکہ سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے امن و سکون کی فضا قائم رکھنے کے لیے بھی خاطر خواہ اقدامات کیے گئے ہیں۔
یہ اسلام کانفرنس ہر سال منعقد کی جاتی ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ اس کی وسعت اور اثر پذیری میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ اس اجتماع کا مقصد نہ صرف مسلمانوں کو باہمی اتحاد اور روحانی ترقی کی طرف متوجہ کرنا ہے بلکہ وسیع تر جرمن معاشرے کے سامنے اسلام کی حقیقی تعلیمات کو اجاگر کرنا بھی اس کا بنیادی ہدف ہے۔

متعلقہ پوسٹ