اسلام آباد:پاکستان آرمی نے قومی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے آرمی راکٹ فورس کمانڈ قائم کر دی ہے۔ اس نئے کمانڈ ڈھانچے کے تحت طویل فاصلے تک مار کرنے والے راکٹ اور میزائل سسٹمز کو ایک مشترکہ اور مربوط کمانڈ میں لایا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ جارحیت کا بروقت، مؤثر اور متناسب جواب یقینی بنایا جا سکے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی راکٹ فورس کمانڈ کا قیام دشمن کو یہ واضح پیغام دیتا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
فوجی حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم مزید فعال ہوگا جبکہ دفاعی تیاریوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ ان کے مطابق مسلح افواج پرامن قیام و استحکام کی خواہاں ہیں، تاہم وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جاتا رہے گا۔