ایشیا کپ میچ میں رویہ: بی سی سی آئی کی حارث رؤف اور صہیبزادہ فرحان کے خلاف آئی سی سی میں شکایت

Screenshot 20250922 093312 1



دبئی: ہے بھارت کی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستان کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف اور بلے باز صہیبزادہ فرحان کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں باضابطہ شکایت درج کرا دی ہے۔ یہ شکایت ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں پاک بھارت میچ کے دوران کھلاڑیوں کے مبینہ ’’اشتعال انگیز رویے‘‘ پر کی گئی۔
بھارتی بورڈ کے مطابق صہیبزادہ فرحان نے نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد ’’گن فائرنگ‘‘ کا اشارہ کیا جبکہ حارث رؤف نے مداحوں کی جانب ’’لڑاکا طیارے‘‘ کے اشارے دیے اور بھارتی بلے بازوں کے ساتھ لفظی جھڑپ میں بھی ملوث رہے۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ یہ حرکات کھیل کی روح کے منافی ہیں اور کھلاڑیوں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔
بی سی سی آئی نے میچ ریفری اینڈی پائکروفٹ کے سامنے ویڈیو شواہد پیش کرتے ہوئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ بھارتی بورڈ کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے رویے نے میدان میں غیر ضروری کشیدگی پیدا کی، اس لیے ان پر جرمانہ یا معطلی جیسی سزائیں عائد کی جائیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تاحال باضابطہ بیان جاری نہیں کیا تاہم ذرائع کے مطابق پی سی بی کا مؤقف ہے کہ کھلاڑیوں کی حرکات محض ’’میچ کے دباؤ‘‘ اور جذباتی ماحول کا حصہ تھیں، ان میں کسی کو اشتعال دلانے کا مقصد شامل نہیں تھا۔ اطلاعات یہ بھی ہیں کہ پی سی بی نے بھارتی کپتان سریاکمار یادو کے ایک بیان کے خلاف شکایت دائر کی ہے، جسے ’’کرکٹ کی شبیہ کو نقصان پہنچانے والا‘‘ قرار دیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ضابطہ اخلاق کے تحت یہ معاملہ ’’Level 1 یا Level 2‘‘ خلاف ورزی کے زمرے میں آسکتا ہے، جس پر جرمانہ یا ایک میچ کی معطلی کی سزا دی جا سکتی ہے۔ اب فیصلہ میچ ریفری اور آئی سی سی ڈسپلنری کمیٹی کرے گی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ مقابلے ہمیشہ انتہائی دباؤ اور جوش و خروش میں کھیلے جاتے ہیں۔ ایشیا کپ کے حالیہ میچ نے جہاں شائقین کو زبردست سنسنی فراہم کی، وہیں کھلاڑیوں کے اشارے اور رویے نے ایک نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے

متعلقہ پوسٹ