تہران/تل ابیب — اسرائیلی افواج کے چیف آف اسٹاف ایال زامیر نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کے لیے معرکہ ابھی ختم نہیں ہوا اور ایران ان کے نشانے پر ہے۔ یہ بیان انہوں نے پیر کے روز ایک اعلیٰ سطحی سیکیورٹی اجلاس کے دوران دیا۔
ایال زامیر نے کہا، "ہم شام اور حزب اللہ کے ساتھ مل کر ایران کی اسٹریٹیجک صلاحیتوں کو کمزور کرنے کے عمل کو جاری رکھیں گے۔” انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج کو ایک وسیع اور ہمہ گیر مہم کے لیے تیار رہنا ہوگا کیونکہ خطے میں بیک وقت مختلف محاذوں پر کارروائیاں درپیش ہیں۔
دوسری جانب، ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ جنگ کے دوران ایران میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 1062 ہو چکی ہے، جن میں 102 خواتین اور 38 بچے شامل ہیں۔ اس سے قبل سرکاری طور پر ہلاکتوں کی تعداد 935 بتائی گئی تھی۔