اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان میں حالیہ شدید بارشوں اور تباہ کن سیلاب نے لاکھوں افراد کو متاثر کیا ہے، جن میں ہزاروں خاندان بے گھر ہو کر بنیادی ضروریات زندگی سے محروم ہیں۔ اس مشکل گھڑی میں جرمنی نے پاکستان کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عملی امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔
جرمن سفارتخانہ اسلام آباد نے ہیومن فرینڈز آرگنائزیشن کے تعاون سے خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی کارروائی شروع کی ہے۔ اس اقدام کے تحت 300 متاثرہ خاندانوں کو ایک ماہ کے لیے خوراک اور حفظانِ صحت کے پیکجز فراہم کیے گئے ہیں۔ ان پیکجز میں روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیاء، اجناس، بچوں کی ضروریات اور بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ضروری سامان شامل ہے
جرمن سفارتخانے کے نمائندے نے کہا کہ: "جرمنی مشکل وقت میں پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہمارا مقصد نہ صرف فوری ریلیف پہنچانا ہے بلکہ متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے عمل میں بھی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی زندگی کو دوبارہ معمول پر لا سکیں۔”
ہیومن فرینڈز آرگنائزیشن کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ یہ شراکت داری اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی برادری پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ تنظیم کے مطابق مزید متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو بڑھانے کی بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں آنے والے سیلاب نے خیبرپختونخوا، پنجاب اور سندھ میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، درجنوں افراد جاں بحق جبکہ ہزاروں گھر تباہ ہو چکے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں خوراک، پینے کے پانی اور طبی سہولیات کی فوری فراہمی سب سے بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے۔
جرمنی کا سیلاب متاثرین کے لیے تعاون، بونیر میں 300 خاندانوں کو خوراک اور حفظانِ صحت کے پیکجز فراہم 3