لاہور (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ کے ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹانے کے مطالبے پر اپنے سخت مؤقف کو برقرار رکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ریفری کے فیصلوں اور رویے پر شدید تحفظات ظاہر کرتے ہوئے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو باضابطہ شکایت ارسال کر دی ہے۔
بورڈ کا مؤقف ہے کہ متنازعہ فیصلوں نے میچ پر براہِ راست اثر ڈالا، جس سے کھلاڑیوں کی محنت ضائع ہوئی۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ کھیل کی شفافیت کے لیے غیر جانبدار ریفری کا تقرر ضروری ہے اور کسی بھی ملک یا کھلاڑی کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی۔
دوسری جانب اے سی سی حکام کا کہنا ہے کہ معاملے پر غور جاری ہے اور جلد حتمی فیصلہ سامنے آ جائے گا۔ تاہم پی سی بی اس مؤقف پر ڈٹا ہوا ہے کہ مستقبل کے لیے بھی ایسی مثال قائم کرنا ضروری ہے تاکہ ریفری اور امپائرنگ کے نظام میں اعتماد بحال رہے۔