پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ویزا فری سفر کا تاریخی معاہدہ

FB IMG 1755879314256

پاکستان اور بنگلادیش نے دو طرفہ تعلقات میں ایک بڑی پیش رفت کرتے ہوئے سفارتکاروں اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے اہلکاروں کے لیے ویزا فری سفر کا معاہدہ کر لیا۔ اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے اہلکار آئندہ پانچ برس تک بغیر ویزا کے ایک دوسرے کے ملک میں داخل ہو سکیں گے۔

یہ معاہدہ ڈھاکہ کے چیف ایڈوائزر آفس، تَیج گاؤں میں ایڈوائزری کونسل کمیٹی کے اجلاس کے دوران پالیسی اور حتمی منظوری کے بعد طے پایا۔ پاکستانی حکومت نے بھی اس فیصلے کی توثیق کر دی ہے۔

معاہدے کے تحت بنگلادیشی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز پاکستان کا سفر باآسانی کر سکیں گے جبکہ پاکستانی اہلکاروں کو بھی بنگلادیش میں یہی سہولت حاصل ہو گی۔ یہ سہولت ابتدائی طور پر پانچ سال کے لیے دی گئی ہے، جس میں بعد ازاں توسیع کا امکان موجود ہے۔

ذرائع کے مطابق اس معاہدے کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی روابط مزید مستحکم ہوں گے اور سرکاری سطح پر تعاون کے نئے دروازے کھلیں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بنگلادیش کے 30 ممالک کے ساتھ ایسے معاہدے موجود تھے، پاکستان کے ساتھ معاہدے کے بعد یہ تعداد 31 تک پہنچ گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام جنوبی ایشیا میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور خطے میں اعتماد سازی کے عمل کو تقویت دے گا۔

متعلقہ پوسٹ