ایشیا کپ کے اہم مقابلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا متحدہ عرب امارات کے خلاف آج کا میچ خطرے میں پڑ گیا ہے۔ میچ شام 7:30 بجے شروع ہونا تھا تاہم قومی ٹیم اب تک گراؤنڈ نہیں پہنچی اور کھلاڑی اپنے کمروں میں ہی موجود ہیں۔
یہ صورتحال پاکستان کے لیے نہایت نازک ہے کیونکہ اگر آج کا میچ نہ کھیلا گیا تو اس کا مطلب ہو گا کہ قومی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو جائے گی۔ ایسی صورت میں متحدہ عرب امارات کو واک اوور کے ذریعے دو پوائنٹس مل جائیں گے اور وہ سپر فور مرحلے میں جگہ بنا لےگی
ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ وقتی طور پر اپنے کمروں میں رہیں۔ پی سی بی حکام کے مطابق معاملے پر ٹورنامنٹ آرگنائزرز کے ساتھ رابطہ جاری ہے اور کسی حتمی فیصلے سے پہلے کھلاڑیوں کو میدان میں بھیجنا مناسب نہیں سمجھا گیا۔
پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی ایشیا کپ میں موجودگی ایونٹ کے وقار اور شائقین کی دلچسپی کے لیے نہایت اہم ہے اور بورڈ ہر ممکن کوشش کرے گا کہ قومی ٹیم اپنی مہم جاری رکھے
قومی ٹیم کی غیر موجودگی نے شائقین کو بھی سخت تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے بغیر ایشیا کپ کی کشش اور مسابقت دونوں متاثر ہوں گی۔ شائقین کو امید ہے کہ یہ تنازع جلد حل ہو جائے گا اور پاکستان میدان میں اترے گا۔