واشنگٹن (نمائندہ خصوصی وائس آف جرمنی) وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ سے ملاقات کی۔ اعلیٰ سطحی اجلاس میں خطے کی سلامتی کی صورتحال، پاک امریکا تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جسے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف قربانیوں اور خطے میں امن کے لیے کی جانے والی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے فوجی تعاون اور انسداد دہشت گردی حکمتِ عملی پر بریفنگ دی جبکہ معاشی تعاون، تجارت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر زور دیا۔ امریکی صدر نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن اسلام آباد کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم دیکھنا چاہتا ہے۔
سفارتی ماہرین کے مطابق یہ ملاقات دونوں ممالک کے تعلقات میں توازن قائم کرنے اور خطے میں بڑھتی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس موقع پر طے پانے والے نکات پر عملی اقدامات کیے گئے تو پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو سکتے ہیں، جس سے نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی امن و تعاون کو تقویت ملے گی۔