تدفین تنازعے پر مشتعل ہجوم کا حملہ، احمدیوں کی املاک نذرِ آتش، پانچ زخمی”

Screenshot 20250930 124946 1



برلن (وائس آف جرمنی) — پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع سیالکوٹ کے نواحی گاؤں پیرو چک میں احمدیہ برادری کی املاک پر حملے اور آگ زنی کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ یہ واقعہ ایک احمدی خاتون کی تدفین کے تنازعے کے بعد پیش آیا۔
مقامی اطلاعات کے مطابق مرحومہ قدسیہ تبسم کو احمدیہ قبرستان میں دفنایا جا رہا تھا جب تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے مقامی رہنماؤں نے تدفین روکنے کی کوشش کی۔ تاہم، انتظامیہ نے زمین کے کاغذات چیک کرنے کے بعد تدفین کی اجازت دے دی۔ اس فیصلے کے بعد مشتعل ہجوم نے احمدیوں کے ڈیرے، دوکانیں اور گاڑیاں نذرِ آتش کر دیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مکانات اور گاڑیاں شعلوں کی لپیٹ میں ہیں جبکہ ریسکیو گاڑیاں تاخیر سے پہنچیں۔ ایک احمدی شخص کو گولی لگنے کی بھی اطلاع ہے۔


پولیس کے مطابق سب انسپکٹر عامر علی سندھو کی مدعیت میں ایف آئی آر نمبر 1552 درج کی گئی ہے جس میں 31 ملزمان کو نامزد جبکہ 200 سے زائد نامعلوم افراد کو شامل کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں احمدیوں کے گھروں پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ کا ذکر موجود ہے۔
احمدیہ جماعت کے مطابق پانچ ڈیروں اور دو دوکانوں کو آگ لگائی گئی، اور متاثرہ خاندان کئی دنوں سے مخالفین کی طرف سے دھمکیوں اور ہراسانی کا سامنا کر رہے تھے جس کی اطلاع پولیس کو دی جاتی رہی۔
انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق یہ واقعہ پنجاب میں احمدیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات کا تسلسل ہے۔ گزشتہ ماہ سرگودھا میں ایک احمدی ڈاکٹر کو ان کے کلینک کے باہر قتل کر دیا گیا تھا، لیکن تا حال قاتل گرفتار نہ ہوسکے اور نہ ہی مقدمہ عدالت میں پہنچ سکا۔
1974 میں پاکستان کے آئین کے تحت احمدیوں کو غیر مسلم قرار دیے جانے کے بعد سے یہ برادری مسلسل امتیازی سلوک اور تشدد کا نشانہ بنتی رہی ہے۔ عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں، بشمول ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ، بارہا پاکستانی حکومت سے مطالبہ کر چکی ہیں کہ احمدیہ کمیونٹی کو تحفظ فراہم کیا جائے اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
ابھی تک پنجاب حکومت نے سیالکوٹ کے واقعے کے حوالے سے کسی بڑے اقدام یا گرفتاری کا اعلان نہیں کیا، جس پر ماہرین کو خدشہ ہے کہ اس سے احمدیوں کے خلاف عدم تحفظ کے احساس میں مزید اضافہ ہوگا۔

متعلقہ پوسٹ