اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے پولینڈ کے سفیر سے اعلیٰ سطحی ملاقات کی جس میں زراعت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے، پاکستان کی زرعی برآمدات میں اضافے اور سینیٹری و فائٹوسینیٹری (SPS) تقاضوں سے متعلق مسائل کے حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر نے یورپ میں پولینڈ کے بطور اہم زرعی پیداوار کنندہ کردار کو اجاگر کیا۔ بتایا گیا کہ پولینڈ دنیا میں رائی کی برآمدات میں دوسرے اور سیب کی برآمدات میں تیسرے نمبر پر ہے، جبکہ گندم، جو، جئی، چقندرِ شکر، تمباکو، پھل اور آلو کی نمایاں پیداوار بھی کرتا ہے۔
رانا تنویر حسین نے زور دیا کہ پاکستان اور پولینڈ اناج، پھل، لائیوسٹاک اور فوڈ پروسیسنگ کے شعبوں میں باہمی تعاون سے خاطر خواہ فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دوطرفہ تجارتی و زرعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔